عبداللہ چغتائی

ڈاکٹر عبداللہ چغتائی ڈاکٹر محمد عبداللہ چغتائی پاکستان سے تعلق رکھنے والے نامور آرکیٹیکٹ، ماہر اسلامی تعمیرات، مؤرخ اور مصنف تھے۔ ڈاکٹر محمد عبد اللہ چغتائی 23 نومبر 1896ء کو محلہ چابک سواراں، لاہور، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ نامور مصور عبدالرحمٰن چغتائی کے بڑے بھائی تھے۔ انہون نے میو اسکول آف آرٹس لاہور، جامعہ پنجاب اور پیرس یونیوسٹی سے تعلیم حاصل کی اور تاج محل آگرہ کے موضوع پر مقالہ لکھ کر پیرس یونیوسٹی سے 1937ء میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ڈاکٹر محمد عبد اللہ چغتائی نے اسلامی فنون لطیفہ بالخصوص فن تعمیر کو اپنی تحقیق اور تحریر کا مرکز بنایا اور اس موضوع پر لاتعداد کتب یادگار چھوڑیں۔ان کی تصانیف میں تاریخ نقش و نگار، بادشاہی مسجد، مساجد عالم، مساجد لاہور، اماکن لاہور، اقبال کی صحبت میں، مغربی آرٹ کی مختصر تاریخ، اسلامی مصوری، پنجاب میں مصوری کی ایک صدی، اسلامی خطاطی اور فنون لطیفہ کے نام سر فہرست ہیں۔
ڈاکٹر محمد عبد اللہ چغتائی 19 دسمبر 1984ء کو لاہور، پاکستان میں وفات پا گئے۔ وہ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
تصانیف
1۔تاریخ نقش و نگار
2۔بادشاہی مسجد
3۔مساجد عالم
4۔مساجد لاہور
5۔اماکن لاہور
6۔اقبال کی صحبت میں
7۔مغربی آرٹ کی مختصر تاریخ
8۔اسلامی مصوری
9۔پنجاب میں مصوری کی ایک صدی
10۔اسلامی خطاطی اور فنون لطیفہ